بھٹکل:یکم اگست(ایس او نیوز) دی ایمریٹس ائیر لائن سوجنیا اور کرناٹکا حکومت کے اشتراک سے امپیکٹ انڈیا فاؤنڈیشن کی جانب سے عالمی سطح کے اول درجے کا موبائیل اسپتال ’’لائف لائن ایکسپرس‘‘کے میڈیکل کیمپ کا آج پیر کو اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر ایس نکول کے ہاتھوں افتتاح کیا گیا۔
افتتاح کے بعد پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں مختلف شعبہ کے ماہر ڈاکٹروں کی طرف سے مختلف بیماریوں کی جانچ اور سرجری کو مفت میں انجام دیا جاتاہے۔ بڑے اخراجات سے انجام پانے والے پھٹے ہونٹوں جیسے مسائل کو یہاں مفت میں حل کیاجاتاہے۔ ضلع، تعلقہ میڈیکل افسر، انگن واڑی کارکنان ، آشا کارکنان کے ذریعے ہر ایک دیہات کو صحت کی خدمات کے متعلق جانکاری پہنچائی گئی ہے۔ اب تک 1500سے زیادہ لوگ کیمپ میں جانچ کے لئے عندیہ دے چکے ہیں۔ ڈاکٹروں کے لئے میڈیکل تعلیم کا پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ لائف لائن ایکسپرس کو بھٹکل لانے کے لئے بھٹکل کے آئی ایف ایس ،دامودر اے ٹی کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نےاترکنڑا ضلع کے عوام سے استفادہ کرنےکی اپیل کی۔
لائف لائن ایکسپرس کے منتظم اعلیٰ رجنیش نے بات کرتے ہوئے کہاکہ عالمی سطح پر پہلی مرتبہ ’’لائف لائن ایکسپرس ‘‘کے ذریعے اسپتال کے مریضوں کے پاس جانے والا یہ منصوبہ کافی معروف ہواہے اب اس سروس نے اپنے 25سال مکمل کئے ہیں۔ ابھی تک 10لاکھ سے زائد مریضوں کے لئے اپنی خدمات پیش کرچکا ہے،جن میں سے ایک لاکھ سےزائد مریضوں کے آپریشن کئے گئےہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چین اور جنوبی آفریقہ کے ممالک نے متعلقہ منصوبے کواپنے لئے نمونہ مان کر اپنے اپنے ملک میں بھی جاری کیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ متعلقہ منصوبہ عوام اور سہولیات کے درمیان کے فاصلے کو کم کرتاہے۔ آئی ایف ایس آفیسر دامودر اے ٹی نے بات کرتے ہوئے کہاکہ ڈیڑھ سال کا خواب آج پورا ہواہے، انہوں نے کہا کہ اس سروس کے ذریعے بھٹکل تعلقہ کے غریبوں اور عام لوگوں کو منصوبے کی سہولیات پہنچتی ہیں تو ہماری یہ کوشش کامیاب ہیں۔ سابق ایم ایل اے جے ڈی نائک نے بھی بھٹکل میں چلتے پھرتے علاج کی سہولت فراہم کرنے اور بھٹکل میں بیس دنوں کا کیمپ لگانے پر خوشی کا اظہار کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر رمیش ، تحصیلدار وی این باڈکر ، ریلوے آفیسر سلیمان وغیرہ موجود تھے۔
لائف لائن ایکسپریس کے تعلق سے مزید جانکاری کے لئے ساحل آن لائن پر 28 جولائی کوشائع رپورٹ کلک کرکے دیکھ سکتے ہیں، جس کی لنک یہ ہے :
ریل کی پٹریوں پر دنیا کا پہلا اسپتال"لائف لائن ایکسپریس" یکم اگست سے بھٹکل میں فری کیمپ